بھٹکل :30؍دسمبر(ایس اؤ نیوز )نیو شمس اسکول کی جانب سے ہر سال اسکول کے ہونہار طالب علم کو دئیے جانےوالا ’’نجم ِ اخوان‘‘ گولڈ میڈل، سنیچر 30ڈسمبر 2023کو منعقدہ اسکول کے سالانہ جلسےمیں جماعت دہم میں زیر تعلیم محمد زیان بنگالی ابن زکریا کو دیا گیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد محمد زیان نے اپنے تاثرات کے اظہارمیں اللہ کا شکر اداکرنے کے بعد کہاکہ شمس اسکول کا ماحول ، اساتذہ کی حوصلہ افزائی ورہنمائی،والدین کی شفقت و پشت پناہی نے مجھے اس ایوار ڈکا حق دار بنایا ہے۔ اس موقع پر محمد زیان کے والد زکریا بنگالی نے مسرت کا اظہار کرتےہوئے اللہ تعالیٰ، اساتذہ ، اسکول انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔

سالانہ جلسہ میں بطور مہمان خصوصی شریک قطر کی معروف کمپنی کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے ) فیاض کولا نے کہاکہ طلبا کو زندگی میں وقت کا شعور اور وقت کی پابندی کرنی چاہئے۔ جب کہ اعزازی مہمان کی حیثیت سے خطاب کرتےہوئے بھٹکل مسلم جماعت ریاض سعودی عرب کے صدر عمار قاضیہ نے طلبا سے خطاب کرتےہوئےکہاکہ حیات ِ انسانی میں طلبا کی تعلیمی زندگی ایک اہم موڑ ہے ، یہی وجہ ہے کہ طلبا اپنے مستقبل اور کیرئیر کے متعلق محتاط رہتے ہوئے مکمل سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ جماعت المسلمین ریاض کے سابق صدر عبدالعلیم قاضیا اور ادارے کے سابق صدر قادر میراں پٹیل نے بھی طلبا کو ہدایتوں سے نوازا۔ تربیت ایجوکیشن سوسائٹی بھٹکل کے صدر محمد اسماعیل محتشم نے جلسہ کی صدارت کی۔
سید صارم اور حیا ن کی تلاوت قرآن سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جعفرامن ایس ایم اور ساتھیوں نے شمس کا ترانہ پیش کیا۔ مولوی عبدالسبحان اٹل ندوی نے استقبال کیا، اسکول کےپرنسپل لیاقت علی نے اسکول رپورٹ کی خواندگی کی۔ اسکول کے استاد محمد رضامانوی نے شکریہ اداکیا۔
ڈائس پر بھٹکل کے معروف تاجر محمد یونس قاضیا، ادارے کے بانی رکن سید حسن برماور، جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مولانا سید زبیر، بورڈ ممبر ایس کے صلاح الدین، حافظ عبدالغنی رکن الدین، عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، اسکول بورڈ کے نائب صدر سید علی، ادارے کے نائب صدر ضیاء الرحمن رکن الدین ندوی، اسکول بورڈ سکریٹری سید قطب برماور ندوی وغیرہ موجود تھے۔ ڈائس پروگرام کے بعد طلبا کی جانب سے دلچسپ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے اور مختلف مقابلہ جات میں حصہ لینے والے طلبا کے درمیان اول، دوم اور سوم انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔
